چین سے کارگو طیارہ ماسک اور حفاظتی سامان لے کر کراچی پہنچ گیا

March 26, 2020 11:29 am0 commentsViews: 18

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے چین سے خصوصی کارگو طیارہ ماسک اور حفاظتی سامان لیکر کراچی پہنچ گیا ، وزیراعلی سندھ نے چین سے آئے این 95 ماسک اور دیگرحفاظتی سامان کی کھیپ وصول کی۔ تفصیلات کے مطابق چین سے خصوصی کارگو طیارہ ماسک اور حفاظتی سامان لیکرپاکستان پہنچ گیا، خصوصی کارگوطیارے نے کراچی ایئر پورٹ پرلینڈ کیا ، جس میں چینی کمپنیوں کی جانب سے حفاظتی ماسک اور دیگر سامان بھجوایا گیا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ایئرپورٹ پہنچ کر چین سے آئے این 95 ماسک سمیت دیگر حفاظتی سامان کی کھیپ وصول کی، اس کے علاوہ جہاز میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے میڈیکل آلات اور طبی عملے کیلئے اسپیشل سوٹ بھی شامل ہیں۔ ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق یہ ماسک چین کی جانب سے عطیہ کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ چین سے پہلا طیارہ سامان لیکرکراچی ایئر پورٹ پہنچا، سامان میں این95سمیت 10لاکھ فیس ماسک بھی اور 50ہزار ٹیسٹنگ کٹس بھی شامل ہیں۔سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے 10 ہزار ٹیسٹنگ کٹس کراچی پہنچنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔