وفاقی کابینہ نے معاشی پیکج کے فیصلے کی توثیق کردی

March 26, 2020 11:34 am0 commentsViews: 3

شہری حکومتی ہدایات پر عمل کریں،کورونا سے ڈرنا نہیں مقابلہ کرنا ہے، وزیر اعظم
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے معاشی پیکیج کے فیصلے کی توثیق کردی۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کرونا وائرس کی تازہ صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔ اجلاس میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بریفنگ دی اور چین سے ماسکس اور کٹس کی آمد سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مشکل وقت میں تعاون کرنے پر چین کے شکرگزار ہیں، انشاء اللہ جلد کورونا کو شکست دیں گے۔ کابینہ نے معاشی پیکیج کے فیصلے کی توثیق کردی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ موجودہ حالات میں اپنے مزدوروں اور غربا کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ عمران خان نے کہاکہ شہری حکومتی ہدایات پر عمل کریں،کورونا سے ڈرنا نہیں اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تمام تر صورتحال کا جائزہ خود لے رہا ہوں۔ کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ ٹرانسپورٹ کی بندش سے گلگت بلتستان میں پیٹرول اور دیگر اشیاء کی قلت شروع ہو گئی۔ وزیراعظم نے گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں میں خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات پر فوری اقدامات کی ہدایت کی ۔