لاک ڈاؤن : غریبوں کو ایک اور دھچکا، یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی مہنگی

March 31, 2020 11:18 am0 commentsViews: 11

میر پور خاص: لاک ڈاؤن میں غریب شہریوں کو یوٹیلٹی اسٹورز سے68 روپے فی کلو چینی کی فراہمی بند، شہری بازار سے90 روپے فی کلو چینی خریدنے پر مجبور۔ نجی ٹی وی کے مطابق بیروزگاری میں یوٹیلٹی اسٹورز بھی عوام کو ریلیف نہ دے سکے۔ مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے یہاں بھی آٹا، چینی جیسی اشیاء خورونوش غائب ہیں۔ میرپورخاص کے مختلف علاقوں میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز قائم ہیں جہاں سبسڈی کے ساتھ آٹا، چینی اور دالوں سمیت دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا فروخت کی جاتی ہیں۔ چند ماہ کے دوران مہنگائی کے بڑھتے طوفان میں یہ یوٹیلٹی اسٹورز بھی غیر فعال ہو گئے ہیں۔

عوام کا کہنا ہے کہ خاص کر آٹا، چینی اور چاول جیسی اشیاء کا حصول یہاں بھی ممکن نہیں۔ غریبوں کا چینی اور آٹا دکانوں پر بیچ دیا جاتا ہے۔ شہریوں لیاقت علی ، وقار عرف برفی اور فدا حسین کا کہنا ہے کہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اربوں روپے کے بجٹ سے یوٹیلٹی اسٹورز پر سامان فراہم کیا جارہا ہے۔

ایک ہفتے سے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن چینی اور آٹا نہیں مل رہا اور نہ ہی یوٹیلٹی انچارج اور عملے کا رویہ عوام سے درست ہے۔ دوسری جانب یوٹیلٹی اسٹورز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے ریٹس آگئے ہیں جن کے مطابق عوام کو تمام چیزیں بازار کی نسبت کم قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں مگر مانگ زیادہ ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے۔