کراچی میں آج بوندا باندی ہو سکتی ہے: محکمۂ موسمیات

May 30, 2020 1:03 pm0 commentsViews: 10

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج رات گئے یا کل صبح سویرے کہیں کہیں بوندا باندی ہوسکتی ہے، جبکہ آئندہ 2 سے 3 روز تک مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے کہا ہے کہ شہرِ قائد میں مطلع جزوی ابر آلود ہے، کل کے مقابلے میں آج ہواؤں کی رفتار میں کمی آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ شہر میں سمندری ہوائیں 14 سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، سمندری ہوائیں اچھی رفتار سے چلنے کے باعث سمندری بادل شہر کا رخ کر رہے ہیں۔ محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج درجۂ حرارت 36 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

خلیج عدن کی صورتِ حال کے حوالے سے محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے کہا ہے کہ خلیجِ عدن پر موجود ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپریشن عدن اور سلالہ کے درمیان ساحل پر موجود ہے، ڈپریشن ساحل پر ہونے کے باعث مزید شدت اختیار نہیں کرے گا۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ڈپریشن یکم یا 2 جون کو ختم ہو جائے گا، خلیجِ عدن میں ڈپریشن ختم ہونے کے بعد بحیرۂ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بن سکتا ہے۔