کورونا ٹیسٹنگ کم ہونا عوام کیخلاف سازش ہے، بلاول

July 13, 2020 6:04 pm0 commentsViews: 9

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی ٹیسٹ کم ہونا عوام کے خلاف سازش ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو کورونا ٹیسٹنگ جان بوجھ کر کم کرنے کا الزام عائد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت شہریوں کی زندگی داؤ پر لگا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے، کورونا کی ٹیسٹنگ کم ہونا عوام کے خلاف سازش ہے۔ چیئرمین پی پی پی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت دوسروں کے لیے مثال ہے، دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد سب سے زیادہ ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت پر کرپشن کے الزامات بھی لگا دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خود کرپشن کا ریکارڈ توڑ رہے ہیں، پولیو میں کرپشن، حج میں کرپشن، پی آئی اے میں کرپشن، پورا پنجاب جادو اور کرپشن سے چل رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلین ٹری سونامی، بی آر ٹی اور مالم جبہ میں کرپشن ہے، چینی آٹا اور تیل پر بھی کرپشن ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا کہ کہاں ہے علیمہ خان کی منی ٹریل؟

چیئرمین پی پی پی نے بی آر ٹی کیس سے عدالتی حکم امتناع ہٹانے کا مطالبہ کردیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ کراچی میں بجلی آتی نہیں، بنی گالا سے جاتی نہیں۔