لوڈ شیڈنگ کیلئے نیا بہانہ، کے الیکٹرک کا بن قاسم پلانٹ میں خرابی کا دعویٰ

July 14, 2020 3:15 pm0 commentsViews: 7

شہرِ قائد میں لوڈشیڈنگ کرنے کے لیے کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے الیکٹرک کو ایک اور بہانہ مل گیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بن قاسم پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی کے باعث 130 میگاواٹ بجلی کی کمی ہوگی۔ کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بن قاسم پاور پلانٹ کے ایک یونٹ میں ٹیکنیکل فالٹ کی وجہ سے کے الیکٹرک کو بجلی کی پیداواری صلاحیت میں 130 میگاواٹ کمی کا سامنا ہوا ہے جس کی وجہ سے کم نقصانات والے علاقوں میں عارضی لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ رہائشی صارفین کو ریلیف دینے کے لیے نصف صنعتی زونز میں لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی، لوڈ مینجمنٹ کی پیشگی اطلاع دی جاچکی ہے،جس کا شیڈول کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔کے الیکٹرک کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ فرنس آئل کی فراہمی کے لیے وزارتِ توانائی سے رابطے میں ہیں، فالٹ درست ہوتے ہی یہ عارضی لوڈ مینجمنٹ ختم کر دی جائے گی۔

کیبل اور انٹرنیٹ ایسوسی ایشن کے حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کیبلز ایسوسی ایشن نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے تار اب تک انڈر گراؤنڈ نہیں کیے ہیں، کیبلز ایسوسی ایشنز اور پٹاپا کی جانب سے تار انڈر گراؤنڈ کرنے کا پہلا مرحلہ جولائی 2020ء تک مکمل ہوجانا تھا۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق انٹرنیٹ ٹی وی کیبلز کی وجہ سے شہر میں بارش کے دوران ماضی میں ہلاکتیں ہوئیں یہ کیبلز عوام کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ کیبل ایسوسی ایشنز کی جانب سے کمشنر کراچی اور دیگر حکام کو کے الیکٹرک کے پولز سے اپنے تار ہٹانے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔ کے الیکٹرک کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ کیبل، انٹرنیٹ ایسوسی ایشنز اور پٹاپا عوام کے تحفظ کے برعکس کاروبار کو ترجیح دیتے ہیں، ان کی اچانک ہڑتال بلیک میلنگ کے لیے کی گئی۔

ترجمان کے الیکٹرک نے اپنے اعلامیے میں عوام کے وسیع تر مفاد میں اپنے انفرا اسٹرکچر پر موجود غیر قانونی ٹی وی اور انٹرنیٹ کیبلز کے خلاف مہم جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔