کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا خیال دماغ سے نکال دیا جائے، وزیراعلی سندھ

August 14, 2020 2:37 pm0 commentsViews: 11

سیہون: وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا خیال دماغ سے نکال دیا جائے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال کے ہمراہ سیہون کے شہر جوہی پہنچ گئے۔ وزیراعلی نے سیلابی پانی سے متاثرہ جوہی، واھی پاندھی روڈ اور ایف پی بند کا معائنہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی بند میں 8مقامات پر شگاف پڑے، قمبر شہداد کوٹ سے منچھر جھیل تک بارشوں سے کافی نقصان ہوا، متاثرین کی رہائش کیلئے چار ہزار ٹینٹس کی ضرورت ہے جن میں سے 33 سو ٹینٹ تیار ہوچکے ہیں، جوہی کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا گیا ہے۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آئین میں کہیں گنجائش نہیں کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے، اگر کسی کے دماغ میں کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی ہوا بھری ہے تو وہ دماغ سے نکال دے، اگر کوئی ایسا ایکشن لیا بھی گیا تو سندھ کے عوام اس فیصلے کے خلاف جائیں گے۔