وفاقی حکومت کا یوٹیلٹی اسٹورز کو درآمدی چینی دینے کا فیصلہ

October 13, 2020 6:37 pm0 commentsViews: 17

وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو درآمد شدہ چینی دینے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورزپر چینی کی قلت کے باعث درآمدی چینی دینے کا فیصلہ کیا گیا اور درآمدی چینی ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے ذریعے یوٹیلٹی اسٹورز کو دی جائے گئی۔

یوٹیلٹی اسٹورز کو درآمد شدہ چینی میں سے 25 ہزارمیٹرک ٹن دی جائے گئی اور یہ چینی یوٹیلٹی اسٹورزکو 25 اکتوبرکو جاری کی جائے گی۔ بحری جہاز ٹی سی پی کی درآمدی چینی لے کر 22 اکتوبر کوپاکستان پہنچے گا۔

یوٹیلٹی اسٹورز نے ستمبر میں چینی خریداری کا ٹینڈر دیا تھا مگر شوگر ملز نے حصہ نہیں لیا اور یہ کہہ کر انکار کیا کہ اُن کے پاس چینی نہیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں مہنگائی عروج پر ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں جب کہ اس مہنگائی میں حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باوجود یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی، آٹا اور گھی دستیاب نہیں۔

گزشتہ دنوں درآمدی چینی کیلئے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے وزارت صنعت و پیداوار کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مقامی چینی مہنگی ہونے کے باعث درآمدی چینی لینا چاہتے ہیں، درآمدی چینی 6 سے 8 روپے فی کلو سستی ملنے کی توقع ہے۔

اس سے قبل یوٹیلٹی اسٹورز نے مہنگی چینی خرید کر خزانے کو 50 کروڑ کا ٹیکہ لگایا۔