کراچی دھماکا : سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے عمارت کو مخدوش قرار دیدیا

October 21, 2020 7:58 pm0 commentsViews: 9

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی کے علاقےگلشن اقبال مسکن چورنگی میں ہونے والے دھماکے سے متاثرہ عمارت کو مخدوش قرار دے دیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ رہائشی عمارت کا ڈھانچا شدید متاثر ہوا ہے، عمارت مزید کسی بڑےحادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ عمارت اب رہنےکے قابل نہیں ہے، اسے گرایا جائےگا، فلیٹس میں رہنے والوں کو دوسری جگہ منتقل کردیاگیا ہے۔

خیال رہے کہ آج صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب مسکن چورنگی پر واقع رہائشی عمارت میں دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی،عمارت کے نیچے ایک نجی بینک بھی واقع تھا جب کہ دھماکے کے نتیجے میں بلڈنگ کا حصہ گرنے سے اس کے نیچے کھڑی گاڑیاں بھی ملبے میں دب گئیں، دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے ہیں۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈکاکہنا ہےکہ مسکن چورنگی میں ہونے والا دھماکا قدرتی گیس لیکیج سے ہوا ہے اور جائے وقوع سے کسی قسم کا کوئی بارودی مواد برآمد نہیں ہوا جب کہ دوسری جانب ترجمان سوئی سدرن نے دعویٰ کیا ہےکہ مسکن چورنگی پر ہونے والا دھماکا گیس لیکیج سے نہیں ہوا۔

متاثرین کا کہنا ہےکہ دھماکا بہت شدید تھا، 20سے 25 فلیٹ مکمل تباہ ہوگئے۔جس طرح کی تباہی ہوئی اس مِیں زندہ رہ جانا معجزہ ہے۔