بارشوں کے دوران بازاری اشیاء کھانے سے گریز کا مشورہ

July 24, 2015 4:47 pm0 commentsViews: 38

پھل اور سبزیوں کو 2 سے 3 بار دھوکر استعمال کیا جائے‘ پانی ابال کر پئیں‘ماہرین
کراچی( اسٹاف رپورٹر) طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران شہری کھانے پینے میں احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ پانی ابال کر پئیں۔ پھل اور سبزیوں کو 2سے3 بار دھو کر استعمال کیا جائے۔ بازار کی بنی ہوئی اشیاء کھانے سے گریز کیا جائے۔ ورنہ ہیضہ، دست، قے سمیت پیٹ کے دیگر امراض میں مبتلا ہونے کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔ سینئر فزیشن ڈاکٹر مجتبیٰ میمن نے بتایا کہ بارشوں میں مچھروں اور مکھیوں کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ ہوتا ہے۔ مکھیاں ہیضہ، دست، قے سمیت پیٹ کی دیگر بیماریوں کے پھیلائو میں کیرئر کا کردار ادا کرتی ہیں۔ شہری اس موسم میں کھانے پینے میں خصوصی احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ پھل اور سبزیاں استعمال نہ کی جائیں اور سبزیوں و پھلوں کو اچھی طرح دھو کر استعمال کیا جائے۔ اسی طرح ان دنوں پانی پینے میں بھی خاص احتیاط اختیار کرنی چاہئے۔ کیونکہ واٹر بورڈ کی لائنیں عرصہ دراز سے تبدیل نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ سے رسائو کا شکار ہیں۔ شہر میں پانی اور سیوریج لائنیں ساتھ ساتھ ہیں جس کے نتیجے میں شہر میں اکثر علاقوں میں پینے کے پانی میں سیوریج کا پانی شامل ہوجاتا ہے۔ شہر پانی ہمیشہ ابال کر پئیں۔ بارشوں میں سڑکوں پر سیوریج کا پانی بارش کے پانی میں ملنے سے خارش ہوتی ہے۔ اس لئے شہریوں کو چاہئے کہ وہ باہر سے گھر آتے ہوئے فوری طور پر غسل کریں۔ سرسوں کا تیل لگائیں۔ بصورت دیگر گندے پانی میں رہنے کی وجہ سے پھوڑے، پھنسیاں نکلنے کے خدشات ہوتے ہیں۔

Tags: