سندھ میں بارش کا سلسلہ جاری، آسمانی بجلی گرنے سے 4افراد ہلاک

July 25, 2015 12:34 pm0 commentsViews: 19

نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کراچی سمیت صوبہ بھر میں مزید بارش کی پیش گوئی
آئندہ تین روز بعد مون سون ہوائیں سندھ اور بلوچستان میں داخل ہوجائیں گی، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
کراچی‘ میر پور خاص‘ کھپرو( نیوز ڈیسک)سندھ میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے‘ آسمانی بجلی گرنے سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے‘ ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے‘ اطلاعات کے مطابق میر پور خاص اور گردو نواح میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ تیز موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے‘ اس دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں میر پور خاص کی تحصیل ڈگری کے گوٹھ دیہہ149 میں آسمانی بجلی گرنے سے شریمتی کالی زوجہ کانجی بھیل‘ گوٹھ محمد بخش جسکانی میں نوجوان ولی محمد ولد میر محمد اور سنجرچانگ کے قریب گوٹھ فاروق آباد میں17 سالہ آصف ولد حاکم رند موقع پر جل کر جاں بحق ہوگئے‘ ادھر کھپرو کے نواحی علاقے پنیری میں30 سالہ نوجوان ولی محمد جاں بحق ہوگیا‘ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سندھ میں مون سون سسٹم موجود ہے جس کی وجہ سے تیز بارشوں کا سلسلہ پیر تک جاری رہے گا جبکہ اگلے تین روز بعد مزید مون سون ہوائیں سندھ اور بلوچستان میں داخل ہونا شروع ہوجائیں گی جس کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ کے زیریں اور بالائی علاقوں میں پیر سے جمعرات تک موسلاھار بارش کا امکان ہے۔

Tags: