قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا بھانڈا پھوٹ گیا

July 27, 2015 4:08 pm0 commentsViews: 13

محکمہ موسمیات کے پاس موسم کی درست پیش گوئی کرنے والے جدید آلات دستیاب نہیں
حکمرانوں کی نظریں مدد کے لیے پاک فوج اور عالمی اداروں پر مرکوز ہوگئی ہیں
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) ملک بھر میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی حکمت عملی اور تیاریوں کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے جبکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بنائے گئے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی اہمیت اور افادیت پر بھی سوالیہ نشان ثبت کیا ہے۔ دوسری طرف ماہرین محکمہ موسمیات کے پاس موسم کی درست پیش گوئی کرنے والے جدید اور طاقتور ترین آلات نہ ہونے کو بھی نقصانات کی بڑی وجہ قرار دے رہے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ملک میں این ڈی ایم اے کے نام سے ادارہ تو ہے لیکن اس کے پاس اختیارات ہیں نہ مالی و افرادی قوت۔ اس وقت سیلاب نے ملک میں تباہی اور بربادی مچا دی ہے لیکن حکمرانوں اور این ڈی ایم اے کی نظریں پاک آرمی، اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں اور بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں کی جانب سے کسی متوقع امداد کی منتظر ہیں۔ حکمران سیلابی تباہ کاریوں کے بعد واویلا مچا کر بین الاقوامی برادری سے فنڈز اکٹھا کرنے کے تو ماہر ہیں لیکن قبل از وقت سیلاب کی تباہ کاریوں کی روک تھام کیلئے حفاظتی منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم کرنے کیلئے تیار نہیں ہوتے۔

Tags: