الطاف حسین کے بیانات پر پابندی لگانے کیلئے رینجرز کا پی ٹی اے سے رابطہ

August 5, 2015 5:23 pm0 commentsViews: 19

خط بھی بھجوا دیا گیا، موبائل کمپنیوں کو بھی الطاف حسین کے خطاب پر پابندی لگانے کا پابند کیا جائے، رینجرز
ایم کیو ایم کے قائد فوج کے خلاف پروپیگنڈے کرتے ہیں، پیمرا چند روز میں حتمی فیصلہ کرے گا
کراچی( نیوز ڈیسک) رینجرز نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی طرف سے ’’ را ‘‘ سے مدد مانگنے ‘افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کیخلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر پی ٹی اے اور پیمرا سے رابطہ کرلیا ہے اور درخواست کی ہے کہ الطاف حسین کے میڈیا پر بیانات پر پابندی عائد کی جائے‘ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خطاب پر پابندی کیلئے پی ٹی اے سے رابطہ کیا ہے اور اس ضمن میں ایک خط بھی بھجوایا گیا ہے جس میں تحریر کیا گیا ہے کہ موبائل فون کمپنیاں‘ لینڈ لائن نمبرز اور انٹر نیٹ کمپنیوں کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ الطاف حسین کو اجازت نہ دی جائے کیوں کہ وہ اپنی تقاریر میں پاکستان کی ریاست کیخلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں‘ افواج پاکستان کیخلاف نازیبا زبان استعمال کے علاوہ دشمن ملک بھارت کی خفیہ ایجنسی’’ را‘‘ سے بھی کئی مرتبہ مدد کی درخواست کرچکے ہیں‘ ذرائع کے مطابق خط موصول ہونے کے بعد چیئرمین پیمرا اور چیئرمین پی ٹی اے آئندہ چند روز میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔

Tags: