فوجی عدالتوں کو بھیجے جانے والے کیسز کا بغور جائزہ لینے کا فیصلہ

August 7, 2015 5:58 pm0 commentsViews: 28

میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمات کی حتمی فہرست تیار کی جائے، آئی جی سندھ
کراچی (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل سندھ پولیس غلام حیدر جمالی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ایک اجلاس میں ملٹری کورٹس کو منتقل کیے جانے کے حوالے سے مقدمات کا کیس ٹو کیس جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ثناء اللہ عباسی ، زونل ڈی آئی جیز کراچی ، تمام ایس ایس پیز انویسٹی گیشن کراچی ، اے آئی جی آپریشن سندھ و دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملٹری کورٹس کو بھیجے جانے کے حوالے سے پہلے زیر غور جملہ کیسز کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور باریک بینی سے تمام تر تفصیلات کی مکمل جانچ پڑتال اور میرٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے حتمی فہرست تیار کی جائے۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ملٹری کورٹس کو منتقل کیے جانے والے مقدمات کی فہرستوں کے سلسلے میں سندھ پولیس رینج کے تمام ڈی آئی جیز کو احکامات جاری کردیے گئے ہیں تاکہ دیگر پولیس رینج کے مقدمات کو بھی حتمی فہرست کا حصہ بنایا جاسکے۔

Tags: