متحدہ کے 7کارکنوں کو 90روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دیدیا

August 12, 2015 2:25 pm0 commentsViews: 12

کراچی (نیوز ڈیسک)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے 7کارکنوں کو 90روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دے دیا ہے ۔منگل کو سخت سکیورٹی میں رنچھوڑ لائن سے گرفتار ہونے والے 7ملزمان کاشف عرف مچھڑ ،خرم ،شاہد رحمن ،مبین ،شاہد ،زبیر عرف ہانڈی والا اور محمودکو عدالت میں پیش کیا گیا ۔رینجرز کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میںاسلحہ برآمد ہوا ہے جبکہ ملزمان قتل کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں ۔ملزمان سے مزید تفتیش کی جانی ہے ۔لہذا ملزمان کو رینجرز کی تحویل میں دیا جائے ۔عدالت نے رینجرز کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 90روز کے لیے رینجرزکی تحویل میں دے دیا ۔

حماد صدیقی اور دیگر ملزمان کے
ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے حماد صدیقی ،عارف ،عدنان ،نعیم ،اخلاص اور شہزاد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں ۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں محبت سندھ ریلی فائرنگ کیس کی سماعت ہوئی ۔سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ واقعے کا ایک ملزم عامر عرف سرپھٹا گرفتار ہے تاہم حماد صدیقی ،عارف ،عدنان ،نعیم ،اخلاص اور شہزاد اب تک گرفتار نہیں کیے جاسکے ۔عدالت نے ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18اگست تک ملتوی کردی ۔واضح رہے کہ 2012میں محبت سندھ ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا تاہم ریلی میں فائرنگ کے نتیجے میں 12افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ مشتعل افراد نے کروڑوں روپے مالیت کی املاک نذر آتش کردی تھیں ۔

سبین محمود کے قتل میں ملوث مفرور ملزم
کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی(نیوز ڈیسک)انسداد دہشت گردی عدالت نے سبین محمود کے قتل میں ملوث مفرور ملزم علی رحمان عرف ٹونی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔انسداد دہشت گردی عدالت کراچی میں سبین محمود کے قتل کی سماعت ہوئی ، عدالت نے کیس کے ایک مفرور ملزم علی رحمان عرف ٹونی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔کیس میں ملوث تین ملزم سعد عزیز ، طاہر حسین اور اسد الرحمان گرفتار ہیں ، ملزموں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔سبین محمود کو سانحہ صفورا میں ملوث ملزموں نے ڈیفنس میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ کیس کی مزید سماعت17 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

 

Tags: