عامر خان کے حج پرجانے کی اجازت پر رینجرز کا اعتراض

August 14, 2015 2:35 pm0 commentsViews: 16

ملزم پر سنگین الزامات ہیں‘ ان کو ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی‘ لاء افسر
کسی مسلمان کو حج پر جانے سے نہیں روکا جاسکتا‘ انسداد دہشتگردی کی عدالت کے ریمارکس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں حج کی ادائیگی کیلئے ملک سے باہر جانے کی اجازت کیلئے دائر درخواست کی سماعت کے دوران فاضل جج نے ریمارکس دئے کہ رینجرز حکام کو عامر خان کے حج کی ادائیگی کے لئے جانے پر کیا اعتراض ہے؟ کسی کو حج پر جانے سے نہیں روک سکتے۔ جمعرات کو خصوصی عدالت کی جج خالدہ یاسمین نے سماعت کی درخواست گزار کے وکیل شوکت حیات نے کہا کہ عامر خان پر کوئی دوسرا مقدمہ نہیں ہے عدالت حج پر جانے کی اجازت دے کیونکہ فلائٹس کا شیڈول جاری ہو چکا ہے۔ رینجرز کے لا افسر رانا خالد نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عامر خان پر سنگین الزامات ہیں ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عامر خان بیرون ملک گئے تو واپس نہیں آئیں گے۔ رانا خالد نے فاضل جج پر عدم اعتماد کا اظہار بھی کر دیا۔ عدالت نے15 اگست کو عامر خان سے حج کی رجسٹریشن کی دستاویزات طلب کی ہیں۔

Tags: