کراچی آپریشن جاری رکھا جائے گا

August 20, 2015 4:01 pm0 commentsViews: 14

رشید گوڈیل پر حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، عابد شیر علی
ملک اسحاق کی ہلاکت کے بعد ردعمل کا خدشہ ہے، وفاقی حکومت اور فوج دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں
وزیراعظم کی ہدایت پر رشید گوڈیل کی عیادت کرنے کراچی آیا ہوں، وزیر مملکت کی میڈیا سے بات چیت
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ بدھ کو لیاقت نیشنل اسپتال میں ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر رشید گوڈیل کی عیادت کیلئے کراچی آیا ہوں۔ وزیر اعظم نے رشید گوڈیل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اسحاق کی ہلاکت کے بعد رد عمل کا خدشہ ہے۔ وفاقی حکومت اور فوج پر عزم ہیں وہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے دہشت گرد جہاں بھی چھپے ہوں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی دہشت گردوں کو پناہ دینے اور سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان پر عملدر آمد کر رہی ہے کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

Tags: