ریحام خان کو دکھاوا اور شیخی مارنا پسند ہے، سابق شوہر

August 24, 2015 5:53 pm0 commentsViews: 29

وہ تقاریب میں مردوں کی جانب رہنے کا بہانہ ڈھونڈتی تھی،ڈاکٹر اعجاز الرحمن
گھریلو تشدد کے الزامات غلط ہیں، انٹرویو،ریحام خان کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کے سابق شوہر ڈاکٹر اعجاز الرحمن نے کہا ہے کہ جب پاکستان میں ریحام خان پر تنقید کی گئی تو اس نے خود کو کلیئر کرانے کیلئے انہیں ٹوائلٹ پیپر کی طرح استعمال کیا اور پھینک دیا۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کو انٹر ویو میں ڈاکٹر اعجاز الرحمن کا کہنا تھا کہ ریحام ان کو بد نام کر رہی ہے انہوں نے ریحام خان کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی عندیہ دیا۔ انہوں نے اپنے اوپر لگائے گئے گھریلو تشدد کے الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ انہوں نے کبھی ریحام پر ہاتھ نہیں اٹھایا۔ ریحام خان نے ان کی شہرت کو اس لئے نقصان پہنچایا تا کہ لوگ اس کیلئے افسوس محسوس کریں۔ ڈاکٹر اعجاز کا کہنا تھا کہ تین بچوں کی والدہ ہوتے ہوئے ریحام کیلئے انہیں چھوڑنا آسان نہیں تھا۔ اس لئے اس نے میرے لئے برا شوہر اور ظالم باپ ہونے کے بارے میں افسانوی کہانیاں گھڑیں۔ انہوں نے کہا کہ طلاق کے بعد وہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال کیلئے2014تک اپنی ماہانہ آمدنی6 ہزار پائونڈز میں سے25 فیصد باقاعدگی سے ادا کرتے رہے ہیں۔ ڈاکٹر اعجاز کا کہنا تھا کہ ریحام نے ہمیشہ پاکستان میں رہنے سے انکار کیا اور پاکستانیوں کا مذاق اڑایا، انہوں نے کہا کہ عام طورپر ایشیائی لوگوں کی پارٹیوں میں مرد و خواتین الگ الگ ہوتے ہیں تاہم ریحام ہر بار مردوں کی جانب رہنے کا کوئی بہانہ ڈھونڈ لیتی تھی اور اس کا لباس بھی کافی مختصر اور قابل اعتراض ہوتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریحام دکھاوا اور شیخی مارنا پسند کرتی تھی۔ اس نے ایک بار 40 ڈالر کا لباس خریدا اور اپنی دوستوں کو 400 ڈالر کا بتایا۔

Tags: