دائودابراہیم کی جعلی رہائش گاہیں حساس اداروں نے پاکستان کیخلاف’’را‘‘ کی سازش پکڑلی

August 26, 2015 4:51 pm0 commentsViews: 12

بونی کپور کے قریبی عزیز نوین کپور کو دائود ابراہیم کی جعلی رہائش گاہیںتلاش اور ان کی پاکستان میں موجودگی ظاہر کرنے کا مشن سونپ دیا گیا
دائود ابراہیم کی بیوی یا کسی عزیز کے نام سے ٹیلی فون یا بجلی کا جعلی کنکشن لگوا کر بل تیار کیا جائیگا‘سازش ناکام بنادی گئی
کراچی( نیٹ نیوز) پاکستان کے خلاف ہر وقت سر گرم بھارتی خفیہ ایجنسی را نے پاکستان کو دہشت گردی کے حوالے بد نام کرنے کیلئے ایک اور سازش تیار کی ہے اور اس بار اس سازش کا حصہ بالی ووڈ کو بھی بنایا جائے گا، مصدقہ ذرائع کے مطابق معروف بھارتی ہدایت کار بونی کپور کا قریبی عزیز نوین کپور جو برطانیہ میں پرائیوٹ پروڈکشن ہائوس چلاتا ہے اور ساتھ بھارتی میڈیا کے لئے کام کرتا ہے اس کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ پاکستان میں ایسے گھر تلاش کئے جائیں یا جعلی دستاویزات تیار کروا کر ان کو دائود ابراہیم سمیت بھارت کو مطلوب افراد کی رہائش گاہوں کے طور پر میڈیا پر لایا جائے۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے نوین کپور اور را کے ایجنٹ مل کر اسلام آباد کے سیکٹر ایف6 میں مارگلہ روڈ پر ایسی رہائش گاہ کو چند دنوں میں دائود ابراہیم کی اسلام آباد کی رہائش گاہ بنا کر سامنے لائیں گے۔ یہ لوگ دائود ابراہیم کی بیوی یا اس کے کسی قریبی عزیز کے نام سے ٹیلی فون یا بجلی کا کنکشن لگوا کر اس کا بل تیار کریں گے۔ جبکہ اس طرح اسلام آباد اور دیگرشہروں میں بھی بھارت کو مطلوب افراد کی بھی جعلی رہائش گاہیں بنا کر سامنے لائی جائیں گی۔ اور یہ شو رمچایا جائے گا کہ بھارت کو انتہائی مطلوب دائود ابراہیم اسلام آباد میں رہ رہا ہے۔ اعلیٰ حکومتی شخصیات اور حساس ادارے اس کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے بھارت کی اس سازش کا سراغ لگا لیا ہے اور اسے ناکام بنانے کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نوین کپور کے متعلق بھی اہم ثبوت حساس اداروں نے حاصل کر لئے ہیں۔

Tags: