بھارت میں مقیم قمر منصور کے بھائی کی ہدایت پر بم دھماکے کیے گئے

September 12, 2015 2:15 pm0 commentsViews: 11

محمود صدیقی را کی جانب سے دی گئی ہماری تنخواہ کی رقم ہمارے اکائونٹ میں منتقل کرتے تھے، ملزمان
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گرفتار4ایجنٹوں کے ریمانڈ میں توسیع کردی،بھتہ خوری کا ملزم رینجرز کے حوالے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) رات کے گرفتار 4 مبینہ ایجنٹوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھارت میں مقیم قمر منصور کے بھائی محمود صدیقی کی ہدایت پر بم دھماکے کئے جبکہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے را کے4 مبینہ ایجنٹوں محسن خان‘ شفیق‘ خالد امان اور عبدالجبار کے ریمانڈ میں7 روز کی توسیع کردی‘ سی ٹی ڈی پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔ اس دوران تفتیش افسر نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھارت سے نہ صرف تربیت حاصل کی بلکہ2008 ء کے انتخابات میں ایم کیو ایم کے الیکشن دفاتر کے باہر 8 مختلف مقامات پر دھماکے کئے جس کی ہدایت متحدہ کے رہنما قمر منصور کے بھائی محمود صدیقی نے دی تھیں جو بھارت میں موجود ہے اور را کیلئے کام کرتا ہے۔ ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں تنخواہ دی جاتی تھی اور یہ رقم ان کے اکائونٹ میں محمود صدیقی را کی جانب سے منتقل کرتا تھا‘ اور جون میں بھی ڈھائی لاکھ روپے را کی جانب سے ان کے اکائونٹ میںبھیجے گئے تھے‘ ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے اور وہ خدمت خلق فائونڈیشن سے بھی تنخواہیں وصول کرتے تھے جبکہ وہ واٹر بورڈ کے بھی ملازم ہیں‘ پولیس کے مطابق ملزم محسن کا لیپ ٹاپ بھی قبضے میں لیا گیا ہے‘ عدالت نے پولیس کی استدعاپر ملزمان کے ریمانڈ میں سات دن کی توسیع کردی جبکہ فاضل عدالت نے ایک اور مقدمے میں بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار ایم کیو ایم کارکن ایوب کو90 دن کے رینجرز کے حوالے کردیا۔

Tags: