عیدالاضحی: حساس اور تفریحی مقامات پر خصوصی سیکورٹی اقدامات کا حکم

September 23, 2015 3:08 pm0 commentsViews: 12

وزیر اعلیٰ سندھ نے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو موثر اور مزید فعال بنانے کیلئے حکام کو ہدایات جاری کردیں
عیدالاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بھی فوری ٹھکانے لگائی جائیں‘ وزیر اعلیٰ سندھ نے احکامات جاری کردیئے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ پولیس اور ڈی جی رینجرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے بھر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر نماز عید کے اجتماعات کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری سندھ، تمام کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں اور محکمہ بلدیات کی انتظامیہ بشمول کے ایم سی ، کراچی واٹر بورڈ کو بھی ہدایت کی کہ وہ صوبے بھر میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے کاموں کو یقینی بنائیں۔ اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں فوری ٹھکانے لگانے کیلئے بہترین اقدامات کئے جائیں۔ اور اس کے علاوہ قربانی کی کھالوں کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے علاوہ سندھ میں بجلی کی فراہمی کیلئے تمام کمپنیوں اور کے الیکٹرک کے انتظامیہ کو بھی عید الاضحی کے موقع پر بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اس کے علاوہ انہوں نے سوئی سدرن گیس اتھارٹی کو بھی گیس کے پریشر کو بہتر رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر انٹیلی جنس نیٹ ورک کو موثر اور فعال بنایا جائے۔ سیکورٹی کے فول پروف اقدامات کئے جائیں تمام مساجد، امام بارگاہوں، اہم تنصیبات سمیت تمام حساس مقامات خصوصاً تفریحی مقامات پر شر پسندوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہا کہ وہ کنٹی جنسی پلان کی علیحدہ سے تیاری کریں۔ انہوں نے سول انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں امن و امان کے قیام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی روابط رکھیں۔

Tags: