گورنر، ڈی جی رینجرز ملاقات، دہشت گردی کے خاتمے کا عزم

September 24, 2015 2:16 pm0 commentsViews: 11

پچھلے چند ماہ کے دوران امن وامان میں بہتری آئی ہے جس کا سب نے بر ملا اعتراف کیا ہے، ڈاکٹر عشرت العباد
عوام نے رینجرز پر اعتماد کیا ہے رینجرز ان کے اعتماد پر اترنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، میجر جنرل بلال اکبر
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے بدھ کو گورنر ہائوس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات میں صوبہ سندھ اور کراچی میں امن و امان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ صوبہ سندھ اور کراچی شہر سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیاجائے گا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پچھلے چند ماہ میں امن و امان کے حوالے سے صورتحال میں بہتری آئی ہے جس کا اعتراف تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے برملا کیا ہے انہوں نے کہا کہ رمضان سے عید الاضحی تک کاروباری افراد نے امن و امان کا بھر پور فائدہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً رینجرز نے جس طرح دہشتگردی کے عفریت کو ختم کرنے میں کردار ادا کیا اس کے سب معترف ہیں اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے گورنر سندھ کو بتایا کہ عوام نے اس ادارے پر اعتماد کا اظہارکیا ہے ان کا ادارہ اس اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے اور حالیہ کامیابی عوام کے دیئے ہوئے اعتماد کا ہی نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جاری اس جنگ میں رینجرز کے کئی جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کو خطے کا پر امن شہر بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ صوبے اور شہر سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

Tags: