جرائم کے اڈوں کی سرپرستی کرنیوالے پولیس افسران کیخلاف کارروائی کاحکم

October 1, 2015 3:51 pm0 commentsViews: 9

آئی جی سندھ نے اخبارات میں شائع خبروں کا نوٹس لے لیا، کرپٹ پولیس افسران کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی
ایس ایس پیز کو منشیات اور جوئے کے اڈے چلانے والے پولیس افسران، ایس ایچ اوز و دیگر عملے کیخلاف کارروائی کی ہدایت
کراچی (کرائم رپورٹر)آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے شہر میں سماجی برائیوں کے مبینہ اڈوں اور پولیس سرپرستی کے حوالے سے اخبارات میں شائع ہونیوالی خبر پر انتہائی سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو خبر کے مندرجات پر تفصیلی انکوائری اور بعد ازاں ٹھوس انضباطی کاروائی کی ہدایات جاری کی ہیں ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ زونل ڈی آئی جیز کراچی کو متعلقہ تھانوں کی حدود میں سماجی برائیوں کے اڈوں کے خلاف سروے اور باقاعدہ ویجیلینس جیسے اقداما ت کا پابند کیا جائے۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ ضلعی ایس ایس پیز کو اس حوالے سے نگران افسر مقرر کرتے ہوئے تھانہ ایس ایچ اوز، ڈیوٹی افسران ،ہیڈ محرران ،موبائل افسران ،سمیت علاقہ انٹیلی جنس پر مامور سادہ لباس افسران اور جوانوں کی کارکردگی پر مشتمل تفصیلی رپورٹ تیار کرکے برائے ملاحظہ ارسال کی جائے تاکہ اس سلسلے میں اسپیشل برانچ پولیس کی مرتب کردہ رپورٹ سے موازنہ کرتے ہوئے جوئے منشیات اور دیگر سماجی برائیوں کے اڈوں کے قیام میں ملوث عناصر سمیت انکی سرپرستی اور انہیں سہولت فراہم کرنیوالے افسران ،تھانہ ایس ایچ اوز ودیگر پولیس اسٹاف کے خلاف نا صرف محکمانہ بلکہ قانونی کاروائی کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ منشیات و جوئے کے اڈوں کے خاتموں ،اس حوالے سے درج مقدمات گرفتار و مفرور ملزمان ،برآمد شدہ منشیات وغیرہ سمیت مقدمات کے تفتیشی افسران کی تفصیلات کا نا صرف احاطہ کیا جائے بلکہ احکامات پر عمل درآمد نہ کرنیوالے ایس ایچ اوز کے خلاف کی جانیوالی انضباطی کاروائیوں کی رپورٹ سے بھی آگاہ کیا جائے۔

Tags: