اسکول انتظامیہ سے فیسوں میں اضافے پر جواب طلب

October 7, 2015 3:33 pm0 commentsViews: 21

جنریشن اسکول انتظامیہ نے فیسوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا، ادائیگی کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے
300 سے زائد والدین کی سندھ ہائی کورٹ میں درخواست، حکومت اور اسکول سے جواب طلب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے اضافی فیسوں کے خلاف300 سے زائد والدین کی جانب سے دائر درخواست پر جنریشنز اسکول انتظامیہ کو کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے روک دیا ہے۔ فاضل عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری ایجوکیشن ، ڈائریکٹر اسکول جنریشنز اسکول انتظامیہ سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کرلیا ہے۔ منگل کو چیف جسٹس فیصل عرب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے اضافی فیسوں کے خلاف معز اسحاق، فرحان حسین سمیت300 والدین کی جانب سے دائر کر دہ آئنی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے اپنے وکیل کے توسط سے دائر کر دہ آئینی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے بچے جنریشن اسکول کی سائٹ ایریا اور نارتھ ناظم آباد برانچوں میں زیر تعلیم ہیں۔ جہاں اسکول انتظامیہ نے یکدم فیسوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے اور والدین کو خطوط اور دیگر پیغامات کیلئے بھاری فیسیں ادا کرنے کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے۔ درخواست گزاروں نے استدعا کی ہے کہ فیسوں سے متعلق سندھ پرائیوٹ ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ آرڈیننس 2001 اور ترمیمی 2005, 2003 پر عملدر آمد کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں اور اسکول انتظامیہ کو بھاری فیسیں وصول کرنے سے روکا جائے۔

Tags: