محرم الحرام میں پولیس اور علمائے کرام کے درمیان امن معاہدہ

October 17, 2015 4:21 pm0 commentsViews: 21

9 محرم الحرام کو بنوری ٹائون سے جلوس سوا بارہ بجے گزرے گا لائوڈ اسپیکر کی آواز بہت کم ہوگی‘ جلوس انتظامیہ گزر گاہوں پر موجود ہوگی
مساجد کے پاس سے گزرنے پر کوئی نعرے بازی نہیں ہوگی‘ اسٹیک ہولڈر ز اور علمائے کرام کا امن و امان قائم رکھنے پر اتفاق
کراچی( کرائم رپورٹر) محرم میں ہونے والے اجتماعات اور جلوسوں کے متعلق پولیس اور علمائے کرام کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔ ایس ایس پی ایسٹ جاوید جسکانی کے مطابق علماء کرام اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی ایس پی جمشید ڈویژن ڈاکٹر فہد کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں اور محرم الحرام میں پر امن ماحول کیلئے مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ جن امور پر باہمی طور پر رضا مندی ہوئی ہے ان میں سے ایک یہ ہے کہ9 محرم کا مرکزی جلوس بنوری ٹائون مسجد کے قریب سے سوا بارہ بجے سے پہلے گزرے گا۔ جلوس کے گزرنے کے دوران دونوں اطراف سے لائوڈ اسپیکر کی آواز بہت کم ہوگی۔ جلوس کی انتظامیہ جلوس کی گزرگاہوں پر موجود رہے گی اور مساجد کے پاس سے گزرنے کے دوران بھی موجود رہے گی۔ مساجد کے اطراف میں کوئی نعرے بازی نہیں ہوگی۔ کسی بھی پریشانی یا مسئلے کی صورت میں جلوس کی انتظامیہ اور مساجد کی انتظامیہ کے لوگ پولیس کے ساتھ مل کر مسئلے کو حل کریں گے۔

Tags: