محرم الحرام شہر میں سیکورٹی کیلئے پولیس کمانڈوز اور اہلکاروں کی تعیناتی شروع

October 20, 2015 3:54 pm0 commentsViews: 22

دس محرم کو شہر میں 950 سے زائد چھوٹے بڑے جلوس نکالے اور 5 ہزار مجالس منعقد کی جائیں گی
سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے جلوس کی گذر گاہوں‘ مساجد اور امام بارگاہوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ ہوگی
کراچی( کرائم رپورٹر) محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے شہر بھر میں سیکورٹی کو ہائی الر ٹ کردیا گیا ہے اور سیکورٹی پلان کے مطابق پولیس کمانڈوز اور اہلکاروں کی تعیناتی کا عمل شروع ہوگیا‘ تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کا آغاز ہوتے ہی شہر بھر میں مجالس عزا اور جلوس نکالے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے‘ یکم تا دس محرم الحرام تک شہر بھر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی اداروں نے بھی کمر کس لی ہے‘ پولیس کی جانب سے تیار کئے گئے سیکورٹی پلان پر عملدرآمد بھی شروع ہوگیا ہے‘ کراچی پولیس کی جانب سے مرتب کئے گئے سیکورٹی پلان کے مطابق شہر بھر میں دس دن کے دوران950 سے زائد چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے جبکہ 5 ہزار کے لگ بھگ مجالس عزا شہر بھر میں منعقد کی جائیں گی۔ محرم الحرام کے دس روز میں مجالس اور جلوسوں کے اعتبار سے ضلع ایسٹ کو سب سے زیادہ حساس قرار دیا گیاہے‘ سیکورٹی پلان کے تحت شہر بھر میں17558 اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ایلیٹ فورس اور ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکاروں کو بھی سیکورٹی پر مامور کیا گیا ہے‘ ضلع ایسٹ میں سب سے زیادہ 10255ویسٹ زون میں4768 اور سائوتھ زون میں2535 اہلکار سیکورٹی پر مامور کئے گئے ہیں‘ سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے جلوس کی گزرگاہوں ‘مساجد امام بارگاہوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مددسے مانیٹرنگ کیلئے دو کنٹرول روم بھی قائم کئے گئے ہیں‘ شہر بھر میں426موٹر سائیکلوں کا اسکواڈ اور646 پولیس موبائلیں بھی محرم الحرام کی اسپیشل ڈیوٹی پر مامور ہیں‘ پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز بھی محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے فرائض انجام دینے میں پیش پیش ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی دس روز تک اسٹینڈ بائی ڈیوٹی پر مامور ہے جبکہ محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائیگی۔

Tags: