471 علماء و ذاکرین کے سندھ میں داخلے اور تقاریر پر پابندی عائد

October 21, 2015 3:31 pm0 commentsViews: 33

کراچی( اسٹاف رپورٹر) محکمہ داخلہ سندھ نے محرم الحرام کے امن و امان کے قیام کے سلسلے میں پنجاب سمیت دیگر صوبوں اور کراچی سے تعلق رکھنے والے 471 سنی، دیو بندی اور شیعہ علماء و ذاکرین کے صوبے سندھ میں تقاریر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جن علماء پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں مولانا عبدالعزیز اویسی، مولانا منظور چنیوٹی، مولانا محمد لقمان، مولوی عبید الرحمن، مولوی سلطان فاروقی سمیت دیگر شامل ہیں۔

محرم الحرام میں ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ کا خطرہ
حکومت سندھ کی جانب سے سیکورٹی پلان کے حوالے سے خاص انتظامات نظر نہیں آرہے، انصار بیگ
کراچی( پ ر) محرم الحرام کے موقع پر شہر میں امن و امان کے قیام کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال سیکورٹی پلان کے حوالے سے کوئی خاص انتظامات نظر نہیں آرہے ہیں۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر حاجی انصار بیگ قادری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران حکومت سندھ کو حساس اداروں کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ محرم الحرام کے موقع پر ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ کا خطرہ ہے کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے دھمکیاں دی گئی ہیں جس میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کو ٹارگٹ بنائے جانے کا امکان ہے حکومت سندھ محرم الحرام کے دوران صوبہ سندھ میں گزشتہ سال کی طرح وضع کر دہ جامع سیکورٹی پلان پر من وعن عملدر آمد کو یقینی بنائے اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر موثر انداز میں اسلحہ نمائش کو روکا جائے اور تمام سیکورٹی حکام اپنے اداروں کے وردی میں ہوں۔ سادہ لباس میں کوئی شخص اسلحہ لے کر نہ چلے اور اگر کوئی شخص اسلحہ سمیت ملے تو اسے سخت ترین سزا دی جائے اور 9,8 اور 10 محرم الحرام میں پاک فوج کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔ بلکہ ہو سکے تو شہر کراچی کو تین یوم کیلئے فوج کے حوالے کر دیا جائے۔

شہر میں لگے سی سی ٹی وی
کیمرے بند ہونے کا خدشہ
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) محرم الحرام کے دوران ایک طرف شہر میں فل پروف سیکورٹی اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ سیکورٹی کیلئے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے‘ سی سی ٹی وی کیمرے لگنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے تا حال 12 کروڑ 12لاکھ70 ہزار روپے کے واجبات ادا نہیں کئے گئے ہیں‘ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہی صورتحال برقرار رہی تو اس کیلئے مزید خدمات جاری رکھنا مشکل ہوجائیگی۔

Tags: