تمام سی ایم ایچ اسپتالوں میں ہائی الرٹ فوج کو زلزلہ زدہ علاقوں میں فوری پہنچنے کی ہدایت

October 27, 2015 2:05 pm0 commentsViews: 12

فوج کی امدادی ٹیمیں کسی بھی احکامات کا انتظار کئے بغیر متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کریں‘ جنرل راحیل شریف
آرمی چیف فوری طور پر پشاور پہنچ گئے‘ زلزلے کی تباہ کاریوں اور امدادی کارروائیوں کا فضائی جائزہ‘ زخمیوں کی عیادت بھی کی
رالپنڈی ( نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف نے فوج کو ہدایت کی ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کاموں میں حصہ لینے کیلئے احکامات کا انتظار کئے بغیر پہنچیں جبکہ جنرل راحیل شریف امدادی کاموں کا جائزہ لینے خود پشاور پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے زلزلے کی تباہ کاریوں اور امدادی کاموں کا فضائی جائزہ لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فوج کی امدادی ٹیموں کو حکم دیا ہے کہ وہ کسی بھی احکامات کا انتظار کئے بغیر زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچیں اور خاص طور پر دور دراز علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کریں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوج کی ریسکیو ٹیمیں اور ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دئیے گئے ہیں اور تمام سی ایم ایچ اسپتالوں میں ہائی الرٹ نافذ کر دی گئی ہیں جبکہ زلزلے کے دوران امدادی کام کرنے والی خاص مشینیں بھی الرٹ ہیں۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا بھی جائزہ لیا جب کہ جنرل راحیل شریف نے زلزلے کی تباہ کاریوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ہیڈ کوارٹرز پشاور میں کور کمانڈر نے امدادی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی جس میں انہیں زلزلے کے نتیجے میں نقصانات کے ابتدائی تخمینے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے زلزلے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی اسپتال میں عیادت بھی کی۔

Tags: