عدالتی حکم عدولی بلدیہ عظمیٰ کے ڈائریکٹرز لینڈ سمیت 9افسران معطل

October 31, 2015 5:51 pm0 commentsViews: 15

سندھ ہائی کورٹ نے جہانگیر پارک کے مکانات میں مقیم 5ملازمین کو متبادل جگہ پر منتقل کرنے کی ہدایت دی تھی
آج عدالت میں رپورٹ جمع کرانا تھی مگر احکامات پر عملدرآمد نہیں کرایا جاسکا، معطل افسران میں17اور 19گریڈ کے افسران شامل
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی نے سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل در آمد میں تاخیر پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 17 تا19 گریڈ کے9 افسران کو معطل کردیا ، سندھ ہائی کورٹ نے ہدایت دی تھی کہ صدر جہانگیر پارک کے اندرون حصہ میں مقیم بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پانچ ملازمین کو متبادل جگہ پر منتقل کرکے جہانگیر پارک سے رہائش ختم کی جائے۔ ان افسران کو جہانگیر پارک کے مکانات میں رہائش پذیر ملازمین کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کورنگی مصطفیٰ کالونی کے فلیٹوں میں منتقل کرکے31 اکتوبر کو سندھ ہائی کورٹ میں رپورٹ جمع کرانی تھی مگر30 اکتوبر تک مندرجہ ذیل افسران ذمہ داری کی انجام دہی میں ناکام رہے۔ معطل ہونے والوںمیں ڈائریکٹر لینڈ عقیل بیگ گریڈ 18، ڈائریکٹر لینڈ انسداد تجاوزات مظہر خان گریڈ 19 ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ انسداد تجاوزات کورنگی معین غوری گریڈ 18، ڈپٹی ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کورنگی آصف جیٹھا گریڈ 17 ، ڈائریکٹر اسٹیٹ محمد منیر گریڈ18، ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیٹ سہیل کو قائمخانی گریڈ17، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ کلیم عباسی گریڈ17 ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ اکمل ڈار گریڈ17 اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ محمد ارشاد گریڈ17 شامل ہیں۔

Tags: