پاکستان حرمین شریفین سمیت سعودی عرب کا تحفظ کریگا‘جنرل راحیل شریف

November 5, 2015 6:13 pm0 commentsViews: 15

خطے میں استحکام اور امت مسلمہ کے حوالے سے دونوں ممالک کی بنیادی ذمہ داری ہے‘ سعودی حکام سے بات چیت
پاکستان میں امن و استحکام کی حمایت کرتے ہیں‘ آپریشن ضرب عضب قابل ستائش ہے‘ سلمان بن عبدالعزیز
راولپنڈی( نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سالمیت کا تحفظ کریگا‘ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی فرمانروا سلمان عبدالعزیز اور دیگر حکام سے ملاقاتوں میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا‘ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خطے میں استحکام کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کا کردار انتہائی اہم ہے‘ پاکستان حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سالمیت کا تحفظ بھی کریگا‘ سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے کہا سعودی عرب کیلئے پاکستان اور افواج پاکستان دونوں ہی اہم ہیں‘ پاکستان کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو دفاع میں اپنا کردار ادا کریں گے‘ انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کو بھی سراہا‘ اے پی پی کے مطابق آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹرجنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ میں بتایا کہ دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ تعاون کرنے اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے میکنزم موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا‘ بری فوج کے سربراہ اور سعودی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب علاقائی استحکام کیلئے اہم ممالک ہیں جن کی امت مسلمہ کیلئے نمایاں ذمہ داری ہے‘ سعودی شاہ اور ولی عہد نے بری فوج کے سربراہ کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان کی سالمیت کے کسی بھی خطرہ کو نا قابل قبول تصور کرتے ہیں اور پاکستان میں امن و استحکام کی حمایت کریں گے‘ سعودی عرب کے شاہ ولی عہد اور وزیر دفاع نے کہا کہ وہ پاکستان اور پاکستان کی فوج کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘ انہوں آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کی بھی تعریف کی ۔

Tags: