آرمی چیف راحیل شریف کی امریکی حکام سے ملاقاتیں

November 16, 2015 5:15 pm0 commentsViews: 14

امریکی وزیر خارجہ سمیت عسکری و سول قیادت سے دہشت گردی کیخلاف جنگ سمیت عالمی امور پر تبادلہ خیال کرینگے
آپریشن ضرب عضب کے باعث دہشت گرد فرار ہو کر سرحد پار چلے گئے، ڈی جی آئی ایس پی آر
واشنگٹن( این این آئی/ مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف 5 روزہ سرکاری دورے پر امریکہ پہنچ گئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق آرمی چیف کو دورے کی دعوت امریکی فوجی حکام نے دی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ آرمی چیف نے خود اس دورے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ واشنگٹن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے مزید بتایا کہ آرمی چیف سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور امریکی وزیر خارجہ سے بھی ملیں گے۔ ان ملاقاتوں میں تمام اہم امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ خطے کی سیکورٹی بہت اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے ہمیشہ تعاون کیا۔ ہم نے آپریشن ضرب عضب سے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ آپریشن کے نتیجے میں دہشت گرد افغانستان فرار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو فرار ہو کر سرحد پار جانے سے روکنے کیلئے پاک افغان سرحد پر سخت نگرانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان نے آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔ افغان حکومت کو اس سلسلے میں اقدامات کرنا چاہئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔

Tags: