کراچی آپریشن غیر سیاسی اور بلا امتیاز ہے،آرمی چیف

December 9, 2015 2:54 am0 commentsViews: 13

آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ہے جو جاری رہے گا
سیکورٹی فورسز نے شہر کا امن بحال کیا ہے اسے دوبارہ خراب نہیں ہونے دیں گے، راحیل شریف کا اجلاس سے خطاب
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن غیر سیاسی اور بلا امتیاز ہے یہ آپریشن کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی کارروائیوں سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے نیٹ ورک کو توڑا ہے پائیدار قیام امن کیلئے وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان بہتر تعاون کی ضرورت ہے۔ شہرمیں امن بحال کر دیا ہے اور اب کراچی کا امن دوبارہ خراب نہیں کرنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گورنر ہائوس میں وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے امن و امان کے اجلاس میں کیا۔ آرمی چیف نے دوران اجلاس اس بات پر زور دیا کہ تمام ادارے قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مربوط انداز میں کام کریں قبل ازیں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پیر کو کراچی پہنچے تو ہیڈ کوارٹر کراچی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی بی آر، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈی جی رینجرز سندھ بھی شریک تھے۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے کراچی میں امن و امان کے حوالے سے آرمی چیف کو بریفنگ دی، آرمی چیف نے کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے فوج، رینجرز، انٹیلی جنس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ کراچی میں امن و امان کی بہتر صورتحال کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کا پر امن انعقاد ممکن ہوا۔

Tags: