ملک میں،ایک بار نہیں سوباربھی ایمرجنسی لگے تو لگنی چاہئے، مشرف

December 23, 2015 9:05 pm0 commentsViews: 10

بھارت بلوچستان میں دہشت گردی پھیلارہا ہے، ایسے میں امن کے مذاکرات کیسے ممکن ہوسکتے ہیں
ملکی ترقی کیلئے چھوٹے تاجروں پر توجہ دینا ہوگی، کراچی میں رینجرز اچھا کام کررہی ہے، بزنس فورم کی تقریب سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ملک کی بہتری کیلئے ایک بار نہیں سو بار ایمر جنسی لگے تو لگنی چاہئے۔ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے کشمیر پر بات کرنے کو تیار نہیں ایسے میں امن اور مذاکرات کیسے ممکن ہو سکتے ہیں۔ کراچی میں رینجرز اچھا کام کر رہی ہے سندھ اور رینجرز کی ٹسل میں جو کچھ ہوا اس کے حق میں نہیں ہوں، وہ منگل کو مقامی ہوٹل میں مختلف بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے پرویز مشرف نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات اچھے ہونے چاہئیں، لیکن امن کی خاطر اپنی عزت اور بقاء کو قربان نہیں کر سکتے۔ اچھی لیڈر شپ اور امن و امان اہمیت کا حامل ہے پاکستان صلاحیتوں سے مالا مال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنا کوریڈور ملکی ترقی کا باعث بن سکتا ہے پی آئی اے، ریلوے اور اسٹیل مل کو دی جانے والی سبسڈی بند کرکے 15 ارب روپے سے زائد بچائے جاسکتے ہیں۔ دفاع پر بجٹ کم نہیں کرسکتے ٹیکس کیلئے جی پی گروتھ بڑھانا ہوگی ہمیں ملکی معیشت کی ترقی کیلئے بڑے تاجروں کے بجائے چھوٹے تاجروں پر توجہ دینی ہوگی۔ ملکی صورتحال کی بہتری کیلئے جوڈیشری آگے آئے اور اسمبلی بھی اپنا کردار ادا کرے۔

Tags: