آرٹس کونسل کی رہنمائی اب سامنے نہیںپیچھے رہ کر کروں گا‘ احمد شاہ

January 4, 2016 12:55 pm0 commentsViews: 24

پیسے کمانے نہیں فنون لطیفہ کی خدمت کا جذبہ لے کر کام کیا‘ یہ میرا دوسرا گھر ہے چھوڑنے کا سوچ بھی نہیںسکتا
احمد شاہ کی قیادت میں متحد ہیں‘ صدر اعجاز فاروقی‘ سیکریٹری ہما میر و دیگر کا یوم تشکر کے موقع پر خطاب
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل کراچی کی نو منتخب کابینہ احمد شاہ، اعجاز فاروقی پینل نے مسلسل آٹھویں بار جیتنے پر جشن منایا اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں ممبران آرٹس کونسل نے شرکت کی۔ نو منتخب پینل کی تقریب حلف برداری کل بروز منگل 5 جنوری کو ہوگی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نو منتخب کابینہ سے حلف لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مسلسل آٹھویں بار منتخب ہونے والے احمد شاہ اعجاز فاروقی پینل کی جانب سے یوم تشکر کی تقریب منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سیکریٹری محمد احمد شاہ کا کہنا ہے کہ میرا چہرہ لوگوں کو پسند نہیں تھا اس لئے اس سال الیکشن نہیں لڑا۔ آرٹس کونسل کراچی میرا دوسرا گھر ہے اس کو چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا لیکن اب میں سامنے نہیں بلکہ پیچھے رہ کر آرٹس کونسل کی رہنمائی کرتا رہوں گا۔ آرٹس کونسل میں پیسے کمانے نہیں بلکہ فنون لطیفہ کی خدمت کا جذبہ لے کر کام کر رہا تھا اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔ آج جو مقام آرٹس کونسل کو حاصل ہوا ہے دنیا بھر میں اس کی شناخت بنی ہوئی ہے وہ میری اور میرے ساتھیوں کی محنت کا نتیجہ ہے اس موقع پر نو منتخب صدر آرٹس کونسل پروفیسر اعجاز احمد فاروقی، نائب صدر پروفیسر سحر انصاری سیکریٹری ڈاکٹر ہما میر، و دیگر نے کہا کہ احمد شاہ کی قیادت میں متحد ہیں۔ آرٹس کونسل کو فنون لطیفہ کا گہوارہ بنائیں گے۔ مخالفین نے الیکشن سے قبل ہم پر دھاندلی کا الزام لگایا۔ عدالت نے فیصلہ ہمارے حق میں دے دیا شکست خوردہ عناصر ایک بار پھر عدالت چلے جائیں۔ ہمارا دامن صاف ہے ہم ایسے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔ معروف رائٹر انور مقصود کا کہنا تھا کہ قائم علی شاہ، ڈاکٹر عشرت العباد اور احمد شاہ پینل کو کوئی نہیں ہٹا سکتا۔ اس موقع پر نو منتخب کابینہ کو ممبران کی جانب سے پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔