وزراء کی کارکردگی پر بلاول کی برہمی، کراچی پر بھی رحم کریں

November 20, 2019 1:07 pm0 commentsViews: 22

سندھ حکومت میں شامل پیپلز پارٹی کے وزراء کی ناقص کارکردگی پر عوامی حلقوں میں تو اعتراضات کیے ہی جارہے تھے اب پی پی کی اعلیٰ قیادت نے بھی اس کا نوٹس لے لیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کابینہ کے بعض وزراء کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بڑے واضح الفاظ میں متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کو فوری طور پر بہتر بنائیں اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کی حکومت سے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں انہیں پورا کیا جاسکے۔ انہوں نے پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی پر بھی زور دیا ہے کہ وہ باقاعدگی سے نہ صرف ایوان میں آئیں بلکہ وہاں ہونے والی پارلیمانی کارروائی میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں۔
بلاول بھٹو وزراء کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کراچی کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کرتے تو بہتر ہوتا، کیونکہ اس وقت کراچی میں کوئی سڑک ایسی نہیں جو سلامت ہو، اور کوئی گلی یا محلہ ایسا نہیں جہاں سیوریج کا پانی نہ کھڑا ہو اور کچرا نہ ہو۔ خدارا پی پی قیادت شہر کراچی پر رحم کرے اور مسائل حل کرائے۔