محمد وسیم چیف سلیکٹر اور سلیم یوسف چیئرمین کرکٹ کمیٹی مقرر

December 19, 2020 1:00 pm0 commentsViews: 13

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم کو چیف سلیکٹر اور سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر سلیم یوسف کو چیئرمین کرکٹ کمیٹی مقرر کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے دونوں عہدوں پر تقرریوں کی تصدیق کردی ہے اور اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سابق کرکٹرز کی تقرریاں تین برسوں کے لیے کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محمد وسیم کا پہلا اسائنمنٹ جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کے لیے جنوری کے وسط میں قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کرنا ہے۔ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا سال 2021 میں پہلا اجلاس بھی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل کراچی میں ہوگا۔

چیئرمین سلیکشن کمیٹی محمد وسیم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،بطور چیف سلیکٹر وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لئے سخت فیصلےکرنے سےبھی گریز نہیں کریں گے۔

چیف سلیکٹر کے لئے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد اور مڈل آرڈر بیٹسمین محمد وسیم میں مقابلہ تھا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کی بطور چیف سلیکٹر مدت ملازمت 30 نومبر کو ختم ہوگئی ہے ، مصباح بطور ہیڈ کوچ کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔