قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ کی بحالی کا معاملہ کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم

January 20, 2021 12:49 pm0 commentsViews: 16

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم دے دیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے پہلے ہی ڈکلیئر کیا ہے کہ انٹرنیٹ کی سہولت شہریوں کا بنیادی حق ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا خیال رکھے، صوبائی حکومت کا موقف ہےکہ یہ سیکیورٹی معاملہ ہے۔ عدالت کے پاس ایسا کوئی پیمانہ نہیں کہ سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لے، یہ بنیادی حقوق کا معاملہ ہے اس لیے وفاقی کابینہ کو بھیج دیتے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل عبد الرحیم ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ یہ درخواست اتنے عرصے سے درخواست زیر التوا ہے لیکن ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اگر معاملہ وفاقی کابینہ کوبھیجنا ہے تو اس میں ٹائم فریم دے دیا جائے۔ عدالت عالیہ نے قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی، کیس پر مزید سماعت 22 فروری کو ہوگی۔