ملائیشیا میں تحویل میں لیا گیا پی آئی اے کا طیارہ پاکستان روانہ

January 29, 2021 1:16 pm0 commentsViews: 43

قومی انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا ملائیشیا میں تحویل میں لیا جانے والا طیارہ پاکستان کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ شام 5 بجے ملائیشیا سے اسلام آباد پہنچے گا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی آئی اے نے ملائیشیا میں ضبط کیے گئے طیارے کو چھڑوانے کے لیے لیزنگ کمپنی کو ایک ارب روپے سے زائد کی رقم ادا کیے تھے۔مسافر طیارہ پی آئی اے کے حوالے کردیا گیا تھا۔ قومی ایئرلائن اور لیزنگ کمپنی کی رضامندی سے ملائیشیا کی عدالت نے کیس خارج کر دیا۔

دوسری جانب ترجمان پی آئی اے نے کہا تھا کہ جہاز کو مسافر پرواز کے طور پر آپریٹ کرکے واپس لایا جائے گا۔ طیارہ واپس لانے کیلئے عملے کو پاکستان سے روانہ کر دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 15 جنوری کو ملائیشیا میں پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے طیارہ بوئنگ 777 ضبط کر لیا گیا تھا۔

نجی ٹی وی کے مطابق لیزکے واجبات ادا نہ کرنے پرملائشیا میں پی آئی اے کا طیارہ قبضے میں لیا گیا تھا۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا تھا کہ برطانوی عدالت میں پی آئی اے اور ایک پارٹی کا کیس زیر التوا ہے۔ مسافروں کوکولاالمپورسےاسلام آباد پہنچانے کیلئے متبادل انتظامات کیے گئے تھے۔ خلیجی ممالک کی ائیرلائن سے167مسافروں دو دن بعد اسلام آباد پہنچے تھے۔