سینیٹ انتخابات ویڈیو اسکینڈل میں نظر آنے والے ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری

February 25, 2021 11:31 am0 commentsViews: 21

اسلام آباد: سینیٹ انتخابات ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقاتی کمیٹی نے ویڈیو میں نظر آنے والے ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کردیئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ انتخابات میں ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقاتی کمیٹی کا تیسرا اجلاس وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں منعقد ہوا، جس میں کمیٹی کے ارکان شیریں مزاری، فواد چوہدری اور شہزاد اکبر نے شرکت کی۔

نجی ٹی وی کے مطابق کہ تحقیقاتی کمیٹی نے ویڈیو میں نظر آنے والے ارکاناسمبلی کو نوٹسز جاری کردیئے، نوٹس میں کمیٹی نے ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے ممبران 7 دن میں پیش ہو کر مؤقف پیش کریں۔

نجی ٹی وی کے مطابق کمیٹی نے کم ووٹوں کے باوجود سینیٹر منتخب ہونے والے سینیٹرز روبینہ خالد، پہرہ مند تنگی، دلاور خان اور مشتاق احمد خان کو بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی کا مؤقف ہے کہ پارٹی ووٹ نہ ہونے کے باوجود وہ سینیٹر کیسے منتخب ہوئے؟ سینیٹرز وضاحت کریں کہ وہ ووٹوں کی خریدو فروخت میں ملوث تو نہیں ہوئے، یا انہیں کسی نے مالی معاونت تو نہیں دی۔ کمیٹی کا اگلا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا۔