پاک فوج پر حملوں میں ملوث کالعدم داعش کے 3 مبینہ دہشت گرد گرفتار

March 13, 2021 7:50 pm0 commentsViews: 69

کراچی: رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں پاک آرمی پرحملوں میں ملوث کالعدم داعش کے 3 مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق رینجرز اور پولیس کی کراچی بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاون میں مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تحریک داعش کے 3 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں نورمحمد عرف ابودردہ ،حیات اللہ اورخان بہادرعرف قاری شامل ہیں، تینوں دہشت گرد پاک آرمی پر متعدد حملوں، بم دھماکوں اور کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق دہشت گرد افغانستان سے کراچی پہنچے تھے، دہشت گردوں نے کراچی میں بڑی تخریب کاری کا منصوبہ بندی کی ہوئی تھی، تاہم بروقت کارروائی کرکے ان کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔