سندھ : بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ پر 2 روز کی پابندی آج سے ہوگی

April 10, 2021 1:13 pm0 commentsViews: 12

کراچی: سندھ حکومت کی طرف سے بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ پر ہفتے میں دو روز کے لیے پابندی عائد کرنے کے فیصلے پرآج(ہفتہ) سے اطلاق ہوگا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے این سی او سی کے فیصلے کے تحت نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جبکہ گزشتہ روز محکمہ ٹرانسپورٹ نے بھی ہفتے میں2روز کے لیے بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کا باضابطہ حکم نامہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہفتے میں دو روز ہفتہ اور اتوار کو ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی 9 اور 10 اپریل سے شروع ہو کر 25 اور 26 اپریل کی شب تک عائد ہوگی، پابندی سندھ وبائی امراض ایکٹ کے تحت عائد کی گئی ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق مال بردار گاڑیوں، طبی اور دیگر ہنگامی خدمات کی نقل وحمل مامور گاڑیوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

محکمہ داخلہ کے مطابق مذکورہ فیصلے پر 21 اپریل کو این سی او سی کے اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اس فیصلے کے تحت آج ہفتے اور اتوار کے روز اندرون ملک جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت پر پابندی ہوگی، محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق اندرون شہر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ پر کوئی پابندی نہیں ہے۔