عید کے بعد تمام پاکستانیوں کیلئے ویکسینیشن کھول دینگے، اسدعمر

April 13, 2021 1:19 pm0 commentsViews: 18

این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ عید کے بعد تمام پاکستانیوں کے لیے ویکسینیشن کھول دیں گے اور حکومت کی کوشش ہے عید الفطر کے بعد ڈیڑھ سے 2لاکھ ویکسین روزانہ لگائیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ روزانہ 60 سے 70 ہزار ویکسین لگائی جا رہی ہے اور ابھی 9 لاکھ سے زائد ویکسین دستیاب ہے۔ اب تک 6لاکھ ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے کہا کہ 8،10 دن پہلے انتظامیہ نے کچھ سخت انتظامات کیے ہیں جس کی وجہ سے اب کچھ وباء کے بڑھنے میں ٹہراؤ لگ رہا ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ انتظامیہ نے بھی صحیح کام نہیں کیا۔ سربراہ این سی او سی نے کہا کہ پورے خطے میں برطانوی وائرس پھیلا ہوا ہے اور جس طرح کے حفاظتی اقدامات اور عمل درآمد ہونا چاہئیے تھا وہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 13 لاکھ سے زيادہ لوگوں کو ويکسين لگائی جا چکی ہے۔

وفاقی وزير اسد عمر نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے کرونا کا پھيلاؤ روکنے ميں کچھ کمی آئی ہے لیکن عوام نے رمضان المبارک اور بالخصوص آخری عشرے ميں احتياط نہ کی تو صورتحال بگڑ سکتی ہے۔ اگر ايسا ہوا تو حکومت کے پاس سخت اقدامات کے علاوہ کوئی چارہ نہيں رہے گا۔

سربراہ این سی او سی نے عوام سے بھرپور احتياط کرنے کی اپيل بھی کی۔