محکمہ ایکسائز کی عوام کے لیے سہولت: پراپرٹی چالان آن لائن کردیے گئے

May 8, 2021 4:21 pm0 commentsViews: 11

محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے پراپرٹی ٹیکس کے بل یا چلان کے حصول کو سہل بناتے ہوئے، یہ سہولت اب اپنی آفیشل ویب سائٹ پر فراہم کردی ہے۔ کرونا کی جاری صورت حال کے پیش نظر، محکمے کے جانب سے یہ سہولت ٹیکس دہندہ شہریوں کے لیے راحت کا باعث ثابت ہوگی جنہیں پراپرٹی ٹیکس کے چلان کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔

کرونا اور لاک ڈاؤن کے باعث محکمے کو پراپرٹی ٹیکس کے چلان ٹیکس دہندگان تک پہنچانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ جبکہ ٹیکس ادا کرنے والی شہری بھی محکمے کے دفاتر جانے سے گریزاں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ موٹر وہیکل ٹیکس کے بعد اب پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کو بھی محکمہ کی جانب سے آن لائن کیے جانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

ابتداء میں ٹیکس دہندگان اپنے سابقہ پراپرٹی ٹیکس کے چلان پر درج اپنے اکاؤنٹ نمبر کے ذریعے جاری مالی سال کے اپنے پراپرٹی ٹیکس کو درج ذیل لنک سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

https://taxportal.excise.gos.pk/home/search_challan
ڈاؤن لوڈ کیے گئے یہ چلان نیشنل بینک کی برانچز یا اسٹیٹ بینک میں جمع کروائے جاسکتے ہیں۔ مستقبل میں یہ چلان براہ راست آن لائن بینکنگ، اے ٹی ایم، موبائل اکاؤنٹ، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ سے ادا کیے جاسکیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل محمکہ ایکسائز نے موٹر وہیکل ٹیکس کی ادائیگی کو بھی مکمل طور پر آن لائن اور خود کار کردیا ہے۔ اب ماضی کی طرح موٹر وہیکل ٹیکس کی ادائیگی کے لیے محکمہ کے کسی دفتر یا بینک جانے کی ضرورت نہیں بلکہ یہ کام اب بہ آسانی گھر بیٹھے چند منٹوں میں کیا جاسکتا ہے۔ مذکورہ سہولت بھی محکمہ کی آفیشل ویب سائٹ پر موجود ہے۔