کورونا : مزید 76 افراد جاں بحق ، 2379 نئے کیسز رپورٹ

May 16, 2021 11:24 am0 commentsViews: 11

اسلام آباد: کوروناوبا کے باعث مزید 76 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ فعال کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 402 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 12,444,04 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 379 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 877,130 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ98 ہزار 078 ، پنجاب میں 3 لاکھ 25 ہزار 662، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 26 ہزار 787، اسلام آباد میں 79 ہزار 123، بلوچستان میں 23 ہزار 831 ، آزاد کشمیر میں 18 ہزار 231 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 418 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد68 ہزار 819 ہے۔ جب کہ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 76 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 19 ہزار 543 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 5 ہزار 288 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 788,768 ہوگئی ہے۔