کراچی میں عید پر 70 ارب روپے کی خریداری 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

July 21, 2015 4:28 pm0 commentsViews: 25

تاجروں نے تقریباً 90 ارب کی سرمایہ کاری کی تھی‘ تاجر رہنما کا دعویٰ
امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث عید نائٹ شاپنگ کی رونقیں بحال‘ مارکیٹوں میں عوام کارش بڑھ گیا تھا‘ عتیق میر
کراچی( کامرس رپورٹر) کراچی میں عید کی خریداری کا گزشتہ دس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا‘ رواںسال عید سیزن کیلئے تاجروں نے تقریباً 90 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی تھی جبکہ شہر کے25 مختلف بازاروںاور250 مارکیٹوں میں عید کے موقع پر 70 ارب روپے کی خریداری کی گئی‘ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے رمضان المبارک میں امن و امان کی بہتر صورتحال پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے شہر میں پر امن ماحول کی وجہ سے عید الفطر پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا‘ کراچی میں عید کی خریداری دس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ‘انہوں نے خصوصی طور پر رینجرز اور دیگر حفاظتی اداروں کے ذمہ داران کو قابل تحسین انتظامات پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اہلیان شہر رونقوں کی صورت میں رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر امن کی بہار کا پھل کھا رہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ماضی میں آخری عشرے میں افطار کے بعد کھلنے والے بازار اس سال دوسرے عشرے میں ہی کھلنا شروع ہوگئے جس سے عیدکی روایتی خریداری کا باقاعدہ آغاز ہوگیا‘ پتھاروں کی تعداد میں تین گناہ اضافہ اور عارضی طور پر لگائے گئے اسٹالز بھی سج گئے‘ انہوں نے کہا کہ رواں سال عید سیزن سیل کیلئے تاجروں نے تقریباً 90 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی تھی جبکہ شہریوں نے70 ارب روپے کی خریداری کی‘ شہر کے 25 مقامات پر 250 سے زائد بازار رمضان المبارک کے پہلے عشرے سے ہی کھلنا شروع ہوگئے جس سے عید نائٹ شاپنگ کی رونقیں بحال ہوگئیں‘ کلفٹن‘ڈیفنس بہادر آباد‘ طارق روڈ‘ صدر اللہ والا مارکیٹ‘ جامع کلاتھ‘ جوبلی کلاتھ مارکیٹ‘موتن داس‘ گل پلازہ‘گل پلازہ‘ لیاقت آباد‘ حیدری مارکیٹ‘ ناظم آباد اور دیگر علاقوں کی مارکیٹیں خریداروں کی توجہ کا مرکز رہیں‘ مقامی تجارت کے علاوہ عید اور عید کے فوری بعد شادیوں کے سیزن کیلئے25 تا30ارب روپے کا مال ملک کے مختلف شہروں سے منگوایا جاتا ہے۔

Tags: