آج صبح شہر میں رینجرز کا سرچ آپریشن 20 افراد گرفتار

July 22, 2015 3:50 pm0 commentsViews: 27

رینجرز اور پولیس نے منگھوپیر کنواری کالونی‘ اورنگی ٹائون‘ نیو کراچی‘ لیاری‘ شیر شاہ اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں
جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانوں کا گھیرائو کیا گیا‘ گرفتار ہونے والوں میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے کارکن بھی شامل ہیں
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے رینجرز اور پولیس کا شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے کارکنان سمیت20 افراد زیر حراست۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں منگھو پیر، کنواری کالونی، اورنگی ٹائون، پاکستان چوک، بلدیہ ٹائون، اتحاد ٹائون، لیاقت آباد ، نیو کراچی سیکٹر5-C، نارتھ ناظم آباد، لیاری کلا کوٹ، شیر شاہ، سہراب گوٹھ سپر ہائی وے، جنجال گوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کردیا اور کسی بھی شخص کو اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ رینجرز اور پولیس نے آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی اور جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانوں کا بھی گھیرائو کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ زیر حراست افراد میں سیاسی و مذہبی جماعتوں اور کالعدم جماعت کے کارکنان بھی شامل ہیں۔ جو کہ جرائم میں ملوث ہیں پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر حراست افراد میں ٹارگٹ کلر بھی شامل ہیں جس نے پولیس اہلکار سمیت9 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے ملزم کی گرفتاری پریس کانفرنس کے ذریعے ظاہر کی جائے گی۔ دوسری جانب رات گئے لیاری کلا کوٹ گلی نمبر10 میں پولیس نے کارروائی کرکے مقابلے کے بعد لیاری گینگ وار کے 2کارندے کامران ولد خان محمد اور گلاب ولد عبدالجبار کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق گینگ وار سے تھا اور پولیس کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی بر آمد ہوا ہے۔ منگھو پیر کنواری کالونی میں پولیس نے مقابلے کے بعد تین ملزمان انصار، گل زمان اور امان اللہ کو گرفتار کرکے اسلحہ بر آمد کر لیا ، پولیس نے بتایا کہ ملزمان جرائم پیشہ ہیں اور پولیس کو متعدد سنگین الزامات میں مطلوب تھے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔

Tags: