سمندر میں نہانے والے101 افراد گرفتار

July 22, 2015 4:00 pm0 commentsViews: 23

گرفتار افراد کیخلاف دفعہ144 کے تحت مقدمات درج،5،5 ہزار مچلکہ جمع کرانے پر رہائی مل سکی
پولیس اہلکار لوگوں کو20،20 روپے عیدی دینے پر نہانے کی اجازت دے رہے تھے
کراچی(این این آئی)شہر کے مختلف ساحلی علاقوں میں دفعہ144کی خلاف ورزی کرنے پر سمندر میں نہانے والے 101 افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر سمندر میں نہانے پر سندھ حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر عید اور باسی عید کے روز سمندر میں نہانے والے افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ماڑی پور، درخشاں بوٹ بیسن اور کلفٹن پولیس نے کارروائیاں کیں ۔درخشاں پولیس نے عید کے روز16 اور باسی عید کے روز9 افراد اور عید کے تیسرے روز6 افراد کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا۔ ایس ایچ او ماڑی پور مدد علی زرداری نے سمندر میں نہانے کے الزام میں عید کے دوسرے روز18 افراد اور تیسرے روز9 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔ علاوہ ازیں بوٹ بیسن پولیس نے عید کے روز6 افراد،باسی عید کے روز 7 افراد اور تیسرے روز5 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او کلفٹن کے مطابق کلفٹن پولیس نے عید کے روز دفعہ144 کی خلاف ورزی کرنے پر25 افراد کو گرفتار کیا۔

Tags: