بھارتی فوج کی پھر پاکستان پر حملوں کی دھمکی

July 22, 2015 4:03 pm0 commentsViews: 25

پاکستان کی جانب سے ڈرون طیارے مار گرائے جانے سے بھارتی حکومت اور عسکری حلقوں میں کھلبلی مچ گئی
ڈرون کے ملبے سے پاکستان کو کوئی خفیہ ڈیٹا نہیں ملا، بھارتی فضائیہ کا دعویٰ
نئی دہلی( خبر ایجنسیاں) بھارت کے ایک اعلیٰ فوجی افسر نے ایک بار پھر پاکستان کو حملوں کی دھمکی دے دی۔ ڈرون طیارہ مار گرائے جانے سے حکومت اور عسکری حلقوں میں کھلبلی، بھارتی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرون کے ملبے سے پاکستان کو کوئی خفیہ ڈیٹا حاصل نہیں ہوا۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی لیفٹیننٹ جنرل کے ایچ سنگھ نے ایک بار پھر پاکستان پر حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سرحدی علاقوں میں چھپے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے بھارت ہر اقدام اٹھانے کو تیار ہے۔ سرحد پار کچھ عناصر لائن آف کنٹرول پر مشکلات پیدا کر رہے ہیں جو مستقبل میں بھارت کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ بھارت کے تحفظ کیلئے ان دہشت گردوں کا خاتمہ ناگزیر ہے ان دہشت گردوں کو کسی صورت بھارت میں گھسنے نہیں دیں گے، سرحد پار چھپے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے بھارت ہر اقدام اٹھانے کو تیار ہے، بھارتی فوج کے سینئر افسر نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عید کے روز پاکستانی فوج کی جانب سے عید کے موقع پر پونچھ کے سیکٹر میں دیہاتوں پر شیلنگ کی گئی تھی جس میں5 شہری زخمی ہوئے، انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر دراندازی کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے روکنے کیلئے بھارت جوابی کارروائی کرتا ہے۔ دوسری جانب جولائی میں آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں پاکستان کی جانب سے گرائے جانے والے جاسوس طیارے کے حوالے سے بھارت کے حکومتی اور عسکری حلقوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔

Tags: