ممبئی حملوں میں ملوث یعقوب میمن کو30 جولائی کو پھانسی دی جائیگی

July 22, 2015 4:06 pm0 commentsViews: 27

عدالت نے سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کر دی دیگر ملزمان کی پھانسی کی سزا عمر قید میں تبدیل
نئی دہلی (آن لائن) بھارتی عدالت عظمیٰ سپریم کورٹ نے ممبئی حملوں کے مرکزی ملزم یعقوب میمن کی سزائے موت کے خلاف آخری اپیل بھی خارج کر دی، بھارتی میڈیا کے مطابق 1993ء میں ممبئی میں ہونے والے بم دھماکوں کے مرکزی ملزم یعقوب میمن نے ماتحت عدلیہ کی جانب سے سنائی گئی سزائے موت کی سزا کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کررکھی تھی جس کی سماعت منگل کے روز ہوئی، بھارتی عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ ماتحت عدلیہ کی جانب سے سزائے موت کی سزا کو برقرار رکھا ہے اور یعقوب میمن کی جانب سے سزا کے خلاف دائر کی گئی آخری اپیل بھی مسترد کر دی، اب 30 جولائی کو پھانسی دی جائے گی۔ واضح رہے کہ1993 ء میں ممبئی شہر کو بم دھماکوں کا نشانہ بنایا گیاجس میں250 افراد ہلاک اور 273 زخمی ہوگئے تھے، دوران تفتیش معلوم ہوا کہ یعقوب میمن بم دھماکوں کا مرکزی ملزم دائو د ابراہیم کا قریبی ساتھی تھا۔یاد رہے کہ میمن کے علاوہ تمام 10 مجرموں کی پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ یعقوب میمن کو 30 جولائی کو پھانسی دی جانی ہے۔

Tags: