قمر منصور کو خطرناک مجرموں کی طرح عدالت لایا گیا، الطاف حسین

July 23, 2015 5:28 pm0 commentsViews: 27

90 روز کیلئے ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دیا جانا قابل مذمت ہے یہ انصاف نہیں ہے
لندن( پ ر) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے رکن قمر منصور کو90 روز کے ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دینے کی شدید مذمت کی ہے‘ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے رکن قمر منصور کو آج منہ پر کپڑا ڈال کر خطرناک مجرموں کی طرح عدالت لایا گیا اور انہوں نے عدالت کو اپنی بیماری اور تکالیف کے بارے میں بتایا اور علاج کی درخواست کی لیکن تمام تر صورتحال سے آگاہ کرنے کے باوجود انہیں 90 روز کے ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دیدیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے‘ الطاف حسین نے کہا کہ یہ کونسا انصاف ہے کہ جن مذہبی انتہا پسند دہشت گردوں نے فوجیوں کے گلے کاٹے ‘جنہوں نے پورے ملک میں دہشت گردی کا بازار گرم کیا‘ جنہوں نے نوجوانوں کو کھلے عام خودکش حملوں کی ترغیب دی‘ ملک میں قتل و قتال کا کلچر عام کرنے کی باتیں کیں وہ دندناتے پھرر ہے ہیں‘ جنہوں نے پاکستان کے خزانے کو لوٹ کر ملک کو کنگال کردیا نہ صرف وہ آزاد ہیں بلکہ آج بھی حکومت اور انتظامیہ کی بڑی بڑ ی کرسیوں پر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن ایم کیو ایم کے رہنمائوں ‘منتخب نمائندوں ‘ذمہ داروں اور کارکنان پرجھوٹے مقدمات قائم کئے جارہے ہیں اور گرفتار کرکے انہیں سرکاری حراست میں تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

Tags: